مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کیلیفورنیا کے شہروں پر ایران کے ممکنہ حملوں سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کے جواب میں دعوی کیا کہ لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کی تباہی سے متعلق ان کے الفاظ کی غلط تشریح کی گئی۔
ٹرمپ نے ریاست نیبراسکا میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگی حالات میں اخراجات میں اضافہ ایک معمولی قیمت ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ایران کی جانب سے لاس اینجلس اور سان ڈیاگو جیسے شہروں کو نشانہ بنائے جانے کے امکان کا ذکر کیا تھا۔ ان بیانات پر امریکہ کے متعدد حکام اور سیاسی رہنماؤں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تنقید کی تھی۔
امریکی صدر نے اپنے تازہ بیان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعوی کیا کہ ان کا مطلب یہ تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں عارضی اضافہ، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے مقابلے میں ایک معمولی قیمت ہے۔
ٹرمپ نے مزید دعوی کیا کہ اگر ایران لاس اینجلس یا سان ڈیاگو پر حملہ کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں امریکہ کو اس سے کہیں زیادہ بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔
آپ کا تبصرہ